احمد آباد،2؍اکتوبر(ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا) گجرات کے آنندضلع میں ایک گربا پروگرام میں شامل ہونے کی وجہ سے پٹیل برادی کے لوگوں کے ایک گروہ نے21 سالہ دلت نوجوان کا پیٹ پیٹ کر بے رحمی سے قتل کردیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ اس معاملہ میں آٹھ افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ ادھر گجرات میں ہی ایک دیگر معاملہ میں مونچھ رکھنے پر دلت نوجوان کی پٹائی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔اس سلسلہ میں درج شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس نے بتایاکہ جئیش سولنکی ، اس کا رشتہ دار پرکاش سولنکی اور دو دیگر دلت نوجوان بھدرانیا گاوں میں ایک مندر کے پاس میں واقع گھرکے پاس بیٹھے تبھی ایک شخص نے ان کی ذات کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا۔بھردان پولیس تھانہ کے ایک اہلکار کے مطابق ملزموں کاکہناہے کہ دلتوں کو گربا دیکھنے کا حق نہیں ہے ، اس نے ذات پر مبنی تبصرے کیے اورکچھ لوگوں کو موقع پر آنے کیلئے کہا۔ افسر نے بتایاکہ اعلیٰ ذات کے لوگوں نے دلتوں کی پٹائی کی اور جئیش کا سر ایک دیوار پر دے مارا جس کے بعدجئیش کواسپتال لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ہم نے 8 افرادکے خلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آر رج کی ہے۔ پولیس سب انسپکٹر ایے ایم پٹیل نے کہا کہ یہ منصوبہ بند حملہ معلوم نہیں ہوتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ کی 29 تاریخ کو بھر سنگھ واگھیلا نام کے ایک شخص نے یونیورسٹی کے طالب علم کنال مہیریا کی جم کر پٹائی کردی تھی۔ کوتوال تعلقہ پولیس میں اپنی شکایت میں مہیریا نے کہا کہ واگھیلا نے محض مونچھ رکھنے کی وجہ سے اس کی پٹائی کی ہے۔